ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں بی جے پی کو ستا رہا ہے شکست کا خوف: اشوک گہلوت

کرناٹک میں بی جے پی کو ستا رہا ہے شکست کا خوف: اشوک گہلوت

Mon, 08 May 2023 11:47:54    S.O. News Service

جے پور، 8/مئی (ایس او نیوز/ایجنسی)  راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو وہاں شکست کا خوف ستا رہا ہے۔ اشوک گہلوت نے ہفتہ کی شام یہاں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں سے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’کرناٹک میں انتخابی مہم کے دوران میں نے عوام کے جذبات کو سمجھا ہے اور مجھے یقین ہے کہ کرناٹک سے بی جے پی کی رخصتی یقینی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کرناٹک میں شکست سے خوفزدہ ہے۔

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ منی پور جل رہا ہے، کشمیر میں پانچ جوان شہید ہوگئے، لیکن وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شکست سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ دہلی چھوڑ کر کرناٹک میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا کی آبائی ریاست ہماچل میں شکست کو ہضم نہیں کر پا رہی بی جے پی اب ملکارجن کھڑگے کی آبائی ریاست میں کانگریس کو شکست دے کر اپنا درد کم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ لیکن کرناٹک کے لوگ سچائی کے ساتھ ہیں اور ریاست کی باگ ڈور کانگریس کو سونپ کر بی جے پی کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

اشوک گہلوت نے کہا کہ منی پور تشدد میں راجستھان کے کچھ طلباء کے پھنس جانے کی خبریں تشویشناک ہیں۔ راجستھان کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وہاں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جلد ہی ان سب کو بحفاظت باہر نکالنے اور بحفاظت گھر پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔


Share: